چوکی سماہنی(خبریں رپورٹ) اوورسیز کشمیری کیساتھ ضلع بھکر پنجاب کے نوسربازوں کا بڑا فراڈ ،جعلسازی سے سم حاصل کر کے بذریعہ اے ٹی ایم جعلی انگوٹھے لگا کر بنک اکاؤنٹ سے 29 لاکھ روپے کی رقم نکال لی، مذکورہ بنک کی جانب سے شہری کی دادرسی کی اپیل رائیگاں،بنک حکام نے اکاؤنٹ سے ہونے والی ٹرانزکشنز کو درست قرار دے دیا جبکہ مذکورہ شہری بیرون ملک مقیم اور اسکا اے ٹی ایم کارڈ بھی اسکے پاس ہے،متاثرہ شخص کا اعلیٰ حکام سے دادرسی کرنے اور نوسربازوں کیخلاف کاروائی کا مطالبہ،تفصیل کے مطابق وادی سماہنی کے نامور ٹرانسپورٹر چوہدری محمد اکرم سیٹھی مرحوم کے صاحبزادے ندیم اکرم جو سعودی عرب میں مقیم ہیں نے بتایا کہ میرا اکاؤنٹ الائیڈ بنک برجاہ گالہ تحصیل سماہنی آزادکشمیر برانچ میں ہے 19 جنوری 2025 میرے اکاؤنٹ سے میری زندگی کی ساری جمع پونجی جو کہ 2900000 ہے اچانک بنک اکاؤنٹ سے نکل جاتے ہیں اور برجاہ برانچ کے بنک منیجر چوہدری کرامت حسین 20 جنوری 2025 میرے ساتھ رابطہ کرتے ہیں کہ آپ نے 2900000 روپے کیوں نکلوائے ہیں اور آپ سعودی عرب سے کب واپس آئے ہو انکی یہ بات سن کر میں ششدر رہ گیا اور صدمہ میں چلا گیا کہ یہ کیا بات کر رہے ہیں پھر میں نے ان کو بتایا کہ میں تو سال سے زیادہ عرصہ ہو گیا ہے گھر نہیں آیا، جس پر بنک منیجر چوہدری کرامت نے ہیڈ آفس رابطہ کیا اور شکایت درج کروائی،تحقیق سے پتہ چلا کہ بھکر پنجاب سے بنک سے رقم نکلوائی یا ٹرانسفر کی گئی ہے ، میرے عزیزوں کو بنک نے جو CCTV فوٹیج دکھائی اس میں بنک سے رقم نکالنے اور ٹرانسفر کرنے والے نظر آ رہے ہیں اور جیب سے سلیکون کا بنا انگوٹھا نکال کر بھی لگا رہے ہیں،بعدازاں ہم نے چوکی پولیس سے رابطہ کیا انہوں نے تحقیق پر بتایا آپ کے نام کی سم بھی ضلع بھکر سے رات کے 9 بجے کسی نے نکلوائی ہے یہ آزاد کشمیر میں اپنی نوعیت کا پہلا واقعہ تھا جتنے بھی لوگ بنکنگ سے وابستہ ہیں انہوں نے ہمیں یقین دہانی کروائی کہ آپ کی اس میں کوئی غلطی نہیں بنک آپ کو آپ کی رقم واپس کرے گا لیکن افسوس صد افسوس کہ الائیڈ بنک نے مجھے جو جوابی خط بھیجا ہے وہ دیکھ کر دلی دکھ ہوا بنک کے مطابق تمام ٹرانزکشنز درست طریقہ سے ہوئی ہیں بنک نے کہا ہے جو کارڈ آپ کے پاس ہے یا جو آپ نے پن لگایا ہے اس سے ٹرانزیکشن ہوئی ہیں جبکہ میں تو پاکستان میں موجود ہی نہیں اور میرا کارڈ بھی میرے پاس ہے،بنک کے لیٹر اور کی گئی ٹرانزکشنز میں تضاد موجود ہے بھکر پنجاب میں مذکورہ بنک برانچ کے پاس سارے ثبوت موجود ہیں انکو ذمہ داران کے خلاف کاروائی کرنی چاہیئے،میری وزیراعظم آزاد کشمیر چوہدری انوار الحق،وزیر داخلہ پاکستان محسن نقوی،آرمی چیف جنرل عاصم منیر ، گورنر اسٹیٹ بینک آف پاکستان اور چیئرمین نادرہ سے درخواست ہے براہ مہربانی اس معاملے کی مکمل انکوائری کرائی جائے اور پتہ لگایا جائے میری بائیو میٹرک کیسے بنائی گی میری ذاتی معلومات کیسے حاصل کی گئیں کیسے ایک فرنچائز سے میری عدم موجودگی میں رات نو بجے سم کا اجراء ہوا ،ایف آئی اے کو بھی درخواست دی ہے،تمام چیزیں تحقیق طلب ہیں مجھے انصاف فراہم کیا جائے اور جمع پونجی واپس دلائی جائے