Uknews

میٹ پولیس نے سینٹرل لندن میں بےقابو وین کی ٹکر سے جاں بحق ہونے والی 20 سالہ لڑکی کی شناخت عالیہ محمد کے نام سے ظاہر کی ہے۔

ٹریفک حادثہ منگل کو کنگز کالج لندن کے قریب اسٹرینڈ پر پیش آیا تھا جہاں عالیہ کو موقع پر مردہ قرار دے دیا گیا تھا۔ حادثے میں زخمی ایک اور 27 سالہ خاتون بھی تشویشناک حالت میں اسپتال میں زیر علاج ہے جبکہ 23 سالہ شخص کو علاج کے بعد اسپتال سے فارغ کر دیا گیا تھا۔

حادثے میں جاں بحق عالیہ محمد کے خاندان کے افراد کا کہنا ہے کہ عالیہ ہماری زندگی میں روشنی کی کرن تھی۔

ان کا کہنا تھا کہ عالیہ ذہین، مہربان اور خوبصورت اخلاق کی مالک تھی جو سب کیلئے مسکراہٹ اور خوشی لاتی تھی، اس کی مسکراہٹ ہماری طاقت بنے گی۔

غمزدہ خاندان کو پولیس کے خصوصی تربیت یافتہ افسران سپورٹ کر رہے ہیں، پولیس نے حادثے میں ملوث 26 سالہ ڈرائیور کو نشہ کے زیر اثر خطرناک ڈرائیونگ کے الزام میں گرفتار کیا تھا۔

 پولیس کی طرف سے حادثے کے حوالے سے تفتیش جاری ہے اور ڈرائیور کو ضمانت پر رہا کردیا گیا ہے۔

Leave a Comment